انقرہ31جولائی(ایس اونیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ترک حکومت نے امریکا میں مقیم مبلغ فتح اللہ گولن کی تحریک سے تعلق کے الزام میں مسلح افواج کے مزید1389ملازمین کوبرطرف کر دیا ہے۔ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی اناطولو نے اتوار کو ان برطرفیوں کی اطلاع دی ہے لیکن مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے۔یہ رپورٹ صدر طیب ایردوآن کے اس اعلان کے چند گھنٹے کے بعد منظرعام پر آئی ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ مسلح افواج میں متعدد تبدیلیوں کا ارادہ رکھتے ہیں۔ان میں فوجی اکادمیوں کی بندش بھی شامل ہے۔اس کے علاوہ فوج کو حکومت کے مضبوط کنٹرول میں لایا جائے گا۔ترک حکام نے مبلغ فتح اللہ گولن پر15جولائی کی ناکام فوجی بغاوت میں ملوّث ہونے کا الزام عاید کیا ہے اور انھیں ہی تمام بغاوت کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا ہے لیکن انھوں نے اس فوجی بغاوت میں کسی طرح ملوّث ہونے اور ترک جمہوریت کو کوئی نقصان پہنچانے کی تردید کی ہے۔اب ترکی امریکا سے انھیں حوالے کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے ترکی میں زندگی کے تمام شعبوں اور خاص طور پر فوج میں گولن تحریک کے اثرات کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اور تطہیر کے اس عمل کے دوران گولن تحریک سے وابستہ فوجیوں،اعلیٰ عہدے داروں اور سرکاری ملازمین کو برطرف ،گرفتار یا معطل کیا جارہا ہے۔اب تک ہزاروں فوجیوں کو گرفتار یا معطل کیا جاچکا ہے۔
دہشت گردوں کے خلاف کامیابی میں نوجوان کا اہم کردار:جنرل راحیل شریف
کراچی31جولائی(ایس اونیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں کامیابی کے لیے نوجوان نسل کو اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔اتوار کو شیندور کے مقام پر پولو فیسٹول کے اختتام پر جنرل راحیل شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس تاریخی فیسٹول کے انعقاد سے دہشت گردوں کو یہ پیغام جاتا ہے کہ پاکستان بلا خوف و خطر اپنی روایات کو جاری رکھے گا۔یاد رہے کہ چترال کے قریب واقع شندور کی وادی میں سالانہ جشنِ شندور 28سے 31جولائی تک جاری رہا۔ جس میں گلگت اور چترال کی پولو ٹیموں کے درمیان میچ ہوئے۔شیندور میں پولو سنہ 1936سے کھیلی جاری ہے اور یہ پولو گروانڈ سطحِ سمندر سے ساڑھے بارہ ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔ اس پولو گروانڈ کا شمار دنیا کے بلند ترین پولو گروانڈ میں ہوتا ہے۔شیندور فیسٹول کے اختتامی تقریب میں شرکت کے دوران فوج کے سربراہ نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے لیے پاکستان کی عوام اور افواج نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور آپریشن ضربِ عضب اسی جذبے اور پختہ یقین کا تسلسل ہے۔فوج کے سربراہ نے کہا کہ ملک میں پائیدار امن کے لیے یہ سفر (آپریشن)پورے ملک میں پختہ غزم کے ساتھ جاری رہے گا۔ اس سفر میں کامیابی کا دارومدار قوم کے مکمل حمایت اور نوجوانوں نسل کے کلیدی کردار پر منحصر ہے۔آرمی چیف نے دہشت گردوں کو تنبیہ کی کہ دہشت گردوں اور اُن کے مددگاروں کے لیے زمین تنگ ہو چکی ہے اور جلد پاکستان دنیا میں امن و سلامتی کی پہچان بنے گا۔راحیل شریف نے کہا کہ چترال اور گلکت بلتستان کے عوام کو مشکلات کا سامنے اور یہ علاقے دور دراز ہونے کے ساتھ زمینی آفات کا بھی شکار ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ گذشتہ ماہ چترال میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے سینکڑوں مکانات کو نقصان پہنچا تھا اور تقریباً 50افراد ہلاک ہوئے تھے۔سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالنے اور راستوں کو بحال کرنے میں فوج کے جوانوں اور تعمیراتی ادارے ایف ڈبلیو او نے اہم کردار ادا کیا تھا۔